لاہور: پی آئی اے کی ابوظبی سے لاہور آنے والی پرواز سے دوران لینڈنگ پرندہ ٹکرا گیا تاہم پائلٹ نے طیارہ بحفاظت لینڈ کرالیا تمام مسافر محفوظ رہے اور جہاز کسی حادثے کا شکار ہونے سے بچ گیا۔
طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات لاہور ایئرپورٹ پر معمول بن چکے ہیں، اس میں سب سے بڑی ذمہ دار سول ایوی ایشن اتھارٹی ہے، اس کا کام یہی ہے کہ وہ ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کی غیر معمولی آمدورفت کو روکنے کے لیے اقدامات کرے لیکن وہ پرندوں کی آمد روکنے میں ناکام ہے اور لاہور ایئر پورٹ اس حوالے سے خطرناک بن چکا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندہ لاہور واصف محمود نے بتایا کہ آج بھی ایسا ایک واقعہ پیش آیا، پی کے پی آئی اے کی ابوظبی سے لاہور آنے والی فلائٹ 264 ایئرپورٹ پر لینڈ کررہی تھی کہ دوران لینڈنگ اس کی اسکرین سے ایک پرندہ ٹکرا گیا اور جہاز کو نقصان پہنچا پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاز کو بحفاظت لینڈ کرادیا جہاز اور مسافر محفوظ رہے۔
رپورٹر نے بتایا کہ جہاز کو مرمت کے لیے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے پی آئی اے بھی متعدد بار سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پرندوں کے مسئلے کے حوالے سے آگاہ کرچکی ہے تاہم سی اے اے نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔