لاہور : شاہدرہ فلائی اوور پر پولیس کانسٹیبل رکشہ ڈرائیور کو بچاتے ہوئے ٹانگیں گنوا بیٹھا ، فلائی اوورکی چڑھائی پرٹرک کے بریک فیل ہوگئے تھے۔
لاہو میں شاہدرہ فلائی اوور پر پولیس کانسٹیبل نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر رکشہ ڈرائیور کی جان بچالی، تاہم اس دوران وہ خود ٹرک کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ ٹرک فلائی اوور کی چڑھائی پر بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہوگیا، ناکے پر ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکار حامد نے ٹرک کو رکشہ کی طرف آتا دیکھا تو فوری طور پر رکشہ ڈرائیور کو پیچھے ہٹایا۔
بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حامد خود ٹرک کے نیچے آگیا، جس کے نتیجے میں اس کی دونوں ٹانگیں کچل گئیں ، زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رکشہ ڈرائیور محفوظ رہا، جبکہ ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی تحویل میں لے لی گئی۔


