لاہور : پولیس نے مختلف کارروائیوں میں قتل کی وارداتوں میں ملوث 13ملزمان کو گرفتار کیا ہے جس میں ایک ایسا گونگا ملزم بھی شامل ہے جو ایک گونگے شخص کے قتل میں ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کو لاہور پولیس کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ شہر میں ہونے والی قتل کی وارداتوں کے بعد پولیس نے کارراوئیاں کیں جس میں13ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں قوت گویائی سے محروم ایک شہری کے قتل کی واردات ہوئی تھی جس میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو خود بھی قوت گویائی سے محروم ہے۔
شارق جمال خان کا کہنا تھا کہ شہری جمعہ خان کو قتل کرنے والے 2 اشتہاری ملزمان بھی گرفتار کیے گئے ہیں، اور چوہنگ میں شوہر کو قتل کرنے والی خاتون کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
اس کے علاوہ پریس کانفرنس میں ڈی آئی جی انوسٹی گیشن نے بتایا کہ بیوی کو قتل کر کے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والا شوہر اور اس کا بھائی گرفتار کرلیا گیا اور لاہور کی نشتر کالونی میں امام مسجد کے قتل میں ملوث 4 ملزمان کو بھی پکڑ کر حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔