لاہور : لاہور پولیس کے اہلکار اور ڈی ایس پی کے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا، ڈی ایس پی کا خاص آدمی فیاض ڈرون کے ذریعے سرحد پار منشیات فروخت کرتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے اہلکاراور ڈی ایس پی ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ میں ملوث نکلے، پولیس اینٹی منشیات اسمگلنگ یونٹ کا منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا مقدمہ درج کرادیا ہے۔
اے این ایف لاہور میں ڈی ایس پی مظہر اقبال اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں 9 سی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے میں سب انسپکٹر محمود، اے ایس آئی کاشف اور ہیڈکانسٹیبل شکیل سمیت 4 پولیس ملازمین کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم فیاض ڈرون کے ذریعے سرحد پار منشیات فروشی کرتاتھا اور ملزم فیاض عرف پیپا ڈی ایس پی مظہر کا خاص آدمی ہے۔
ڈی ایس پی مظہر اقبال تاحال گرفتار نہ ہو سکا ، ڈی ایس پی مظہر اقبال کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این ایف ملزم مظہر اقبال کو گرفتار کر نے کی کوشش کر رہی ہے۔
ملزمان سے گاڑی میں 10 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی ، ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔