بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

لاہور:پی ایس ایل فائنل کے لئے فول پروف سیکیورٹی کی تیاریاں

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پی ایس ایل فائنل کے لئے فول پروف سیکیورٹی کی تیاریاں جاری ہے ، سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس نے اٹک،چنیوٹ، منڈی بہا الدین اور دیگر اضلاع سے اعلیٰ پولیس افسران کی خدمات مانگ لی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے انتہائی سخت انتظامات کئے جارہے ہیں ، ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت فائنل کھیلنے والی ٹیموں کی آمد ورفت کے دوران حفاظت کے ذمہ دار ہوں گے۔

قذافی اسٹیڈیم کےاندرونی نظم و نسق کے ذمہ دار ڈی پی اوچنیوٹ ہوں گے، ڈی پی اومنڈی بہاؤالدین داخلی اورخارجی ناکوں کے انچارج مقرر کئے گئے ہیں،

پی پی آئی سی تھری کنٹرول روم کی حفاظت کی ذمہ داری ایس ایس پی عمران یعقوب کو دی گئی ہے جبکہ ایس ایس پی مصطفی حمیدملک بھی مانیٹرنگ کنٹرول روم میں تعینات ہونگے۔

ڈی پی او وہاڑی عمر سعید ملک قومی رضا کار فورس اور ایلیٹ فورس کے دستوں کی قیادت کریں گے، ایس ایس پی طیب حفیظ چیمہ بیرون شہر راستوں پربنائے گئے پولیس ناکوں کےانچارج ہوں گے۔

ایس پی ہارون جوئیہ کسی بھی طرح کی ہنگامہ آرائی روکنے والے گروپ کے سربراہ ہوں گے، ایس پی مجاہد فیصل شہزاد مین کیول کیڈ کے انچارج مقرر کئے گئے ہیں، ایس ایس پی قرارحسین ایڈیشنل کیول کیڈ کے انچارج بنائے گئے ہیں۔

ایس پی گوجرانوالہ ملک ندیم کھوکھر کیول صدر پاکستان کے حفاظتی دستے کے سربراہ مقرر کئے گئے ہیں جبکہ ایس ایس پی ایڈمن لاہور رانا ایاز سلیم قذافی اسٹیڈیم کی نگرانی کرنے والے دستوں کے سربراہ بنائے گئے ہیں۔


مزید پڑھیں : دہشت گردی کے خدشات مسترد، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کی منظوری


یاد رہے گذشتہ روز حکومت نے دہشت گردی کے تمام تر خدشات کو مسترد کرتے ہوئے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کی منظوری دی تھی۔،

وزیر قانون پنجاب رانا ثنا للہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں تمام سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور فائنل کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی، اجلاس میں باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کا فائنل دبئی کے بجائے لاہور میں ہی کرایا جائےگا جس کے لیے تمام تر وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں