تازہ ترین

لاہور ٹیسٹ: آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنالیے

لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا، آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنالیے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنالیے، کیمرون گرین 20 اور ایلکس کیری 8 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اسٹیو اسمتھ 59 اور ٹریوس ہیڈ نے 26 رنز اسکور کیے۔

ڈیوڈ وارنر 7 اور مارنوس لبوشین بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، اسپنر ساجد خان ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

کینگروز کپتان پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار لگ رہی ہے، اس میں کچھ اسپن بھی موجود ہے یہی وجہ ہے کہ پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے،ہوم گراؤنڈ پر سیریز میں فتح کیلئے پر عزم ہیں، پیٹ کمنز نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے سیریز جیتنے کیلئے پر اعتماد ہیں۔

Image

تیسرے ٹیسٹ کے لئے آسٹریلوی ٹیم نے کراچی ٹیسٹ کا اسکواڈ برقرار رکھا ہے جبکہ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ بینو قادر ٹرافی سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

Comments

- Advertisement -