لاہور (22 جنوری 2026): لاہور کے علاقے بھیکے وال پنڈ میں پالتو شیرنی کے حملے سے 8 سال کی بچی زخمی ہوگئی ہے۔
پولیس حکام نے اس بارے میں بتایا کہ زخمی بچی کو طبی امداد کیلیے شیخ زید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، بھیکے وال پنڈ میں شہری نے گھر پر شیر پال رکھا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: خونخوار شیر نے خاتون کا بازو چبا کر الگ کر دیا
ترجمان پولیس نے بتایا کہ 2 افراد پالتو شیرنی کو رکشہ سے اتار رہے تھے، اس کے حملے سے بچی کی ٹانگ اور کان پر زخم آئے، ملزمان پالتو جانور کو لے کر فرار ہوگئے جو جلد گرفتار کر لیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت قانونی کاروائی کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی لاہور میں اس طرح کا واقعہ پیش آ چکا ہے۔ 21 دسمبر 2024 کو پالتو شیر نے شہریوں پر حملہ کرتے ہوئے 3 افراد کو زخمی کر دیا تھا۔
لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کی نجی ہاؤسنگ اسکیم میں پالتو شیر اچانک پنجرے سے باہر نکل آیا تھا اور شہریوں پر جھپٹ پڑا۔ وہ ڈیرے پر پنجرے سے نکل کر نالے پر پہنچا تھا۔
سوسائٹی کے سکیورٹی گارڈ نے اس کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ علی عمران نامی شہری نے اپنے ڈیرے پر شیر کو رکھا ہوا تھا جو پنجرے سے باہر نکل آیا اور شہریوں پر حملہ کر دیا۔
احمر کھوکھر بطور کرائم نیوز اے آروائی نیوز لاہور سے وابستہ ہیں


