لاہور : میٹرو بس میں خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچنے والی 2 خواتین کو گرفتار کرلیا گیا، خواتین کانوں سے بالیاں نوچ کر فرار ہوئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچنے والی دو خواتین کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ یہ واقعہ میٹرو بس میں پیش آیا جہاں ملزم خواتین خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچ کر فرار ہوگئی تھیں۔
پولیس کا کہنا تھا متاثرہ خاتون کی نشاندہی پر دونوں خواتین کو گرفتار کیا گیا۔
ایس پی شہربانو نقوی نے بتایا کہ گرفتار خواتین میٹرو بس میں سفر کرنے والی خواتین کی بالیاں، موبائل فون اور نقدی چوری کرنے میں ملوث تھیں۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم خواتین سے نوچی گئی بالیاں اور چھینی گئی نقدی برآمد کر لی ہے جبکہ ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
ایس پی شہربانو نقوی نے مزید بتایا کہ چند روز قبل بھی اسی گینگ کی خواتین میٹرو بس میں ایک خاتون کی بالیاں نوچ کر فرار ہو گئی تھیں، جس کے بعد خصوصی نگرانی سخت کی گئی۔


