لاہور: نجی یونیورسٹی کی طالبہ کی خودکشی کی کوشش کے واقعے کے حوالے سے پولیس تفتیش میں معاملہ مبینہ طور پر پسند کی شادی کا نکلا۔
تازہ ترین تفصیلات کے مطابق پولیس نے نارنگ منڈی سے احمد بلال نامی لڑکے کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ فاطمہ نے اپنی پسند کے لڑکے احمد بلال سے شادی کرنا چاہتی تھی، جو نارنگ منڈی کا رہائشی ہے لیکن اہل خانہ اس شادی کے لیے راضی نہیں تھے اور وہ طالبہ کو تعلیم جاری رکھنے پر مجبور کر رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پسند کی شادی نہ ہونے کی وجہ سے دلبراشتہ ہونے پر فاطمہ نے خودکشی کی کوشش کی، طالبہ کی آخری فون کال بھی اسی لڑکے کے ساتھ تھی اور آخری کال کے بعد احمد نامی لڑکے کا نمبر بھی طالبہ نے ڈیلیٹ کر دیا تھا۔
دوسری جانب طالبہ کے اہل خانہ نے بھی پولیس میں بیان ریکارڈ کرا دیا ہے ، ابھی اسپتال میں فاطمہ کا علاج جاری ہے اور وہ ہوش میں نہیں آئی تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلو سامنے آسکیں۔
مزید پڑھیں : یونیورسٹی آف لاہور کی طالبہ کی دوسری منزل سے چھلانگ لگانے کی ویڈیو سامنے آگئی
دوسری جانب جاری تازہ ترین میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فاطمہ کی حالت سنگین ہے، تاہم زندگی کے اہم اشارے مستحکم ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق اس کا اعصابی نظام بہتر ہو رہا ہے اور گلاسگو کوما اسکیل (GCS) 5–6 تک بہتر ہوا ہے جبکہ میڈیکل بورڈ کی سفارش پر اینٹی بائیوٹکس تبدیل کی گئی ہیں اور پھیپھڑوں کی کارکردگی گزشتہ دن کے مقابلے میں بہتر ہے۔
میڈیکل ٹیم نے خون اور پلیٹلیٹس کی منتقلی مکمل کر دی ہے، مگر فاطمہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہیں، ڈاکٹروں نے اعلان کیا ہے کہ دوبارہ معائنہ کے بعد مزید طبی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔


