لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں بیوی نے مبینہ طور پر گولی مار کر شوہر کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے گلشن راوی میں بیوی نے مبینہ طور پر شوہر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس نے مقتول کی ماں کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
تھانہ گلشن راوی میں درج ایف آئی آر میں مقتول جمشید کی ماں شمیم اختر نے الزام عائد کیا کہ ملزمہ نے دو دن پہلے نامعلوم فون کالز پر مقتول کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔
مقتول کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہم لوگ نچلی منزل پر تھے بیٹے کی چیخ و پکار سن کر بالائی منزل پر گئے تو ماجد نامی شخص نے جمشید کو پکڑا ہوا تھا جبکہ جمشید کی بیوی شہزادی کے ہاتھ میں پستول تھا۔
خاتون نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا کہ شہزادی کے پہلے خاوند کی بیٹی ندا نے ماں کو آواز دی اور کہا کہ جمشید کو ماردو جس پر شہزادی نے فائرنگ کرکے بیٹے کو قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ شہزادی کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ ندا اور ماجد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔