لاہور(14 مارچ 2026): کاہنہ پولیس نے ایک ایسی سنگدل خاتون کو اس کے آشنا سمیت گرفتار کر لیا ہے جس نے پیسوں کی لالچ میں اپنے پہلے شوہر کو قتل کیا اور دوسرے شوہر کو بھی راستے سے ہٹانے کی کوشش کی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ملزمہ نازیہ کی چار سال قبل اشتیاق نامی شخص سے شادی ہوئی تھی۔ ملزمہ نے اپنے آشنا دانش کے ساتھ مل کر پیسوں کی خاطر اشتیاق کو قتل کیا اور بعد ازاں دوسری شادی کر لی۔
تاہم، ملزمہ کی مجرمانہ سرگرمیاں یہیں ختم نہیں ہوئیں اور اس نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر دوسرے شوہر اشفاق کو بھی قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
گزشتہ روز ملزمہ نے دوسرے شوہر پر فائرنگ کروائی اور اسے ڈکیتی مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ پولیس کی تفتیش اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے سچائی سامنے آگئی، جس میں ملزم دانش کو فائرنگ کے لیے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے ملزمہ نازیہ اور اس کے ساتھی دانش کو جنرل اسپتال سے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام محرکات کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے۔
قتل کی لرزہ خیز واردات، خاتون نے بھائی کے قتل کے شبہ میں بھتیجی کو ذبح کردیا
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


