بدھ, مارچ 19, 2025
اشتہار

لاہور: ہڑتالی ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث اسپتال کا ملازم جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے۔ سروسز اسپتال کے ہڑتالی ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت نے اپنے ہی اسپتال ملازم کی جان لے لی۔

تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے۔ سروسز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث اسپتال کا 50 سالہ ٹیکنیشن محمد حسین جاں بحق ہوگیا۔

محمد حسین 4 روز سے شدید بخار میں مبتلا تھا اور سروسز اسپتال میں اس کا علاج جاری تھا۔ لواحقین نے الزام لگایا کہ ڈاکٹرز نے ان کے مریض کو لاعلاج قرار دے کر اس کے حال پر چھوڑ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مریض مر رہا تھا اور ڈاکٹر فلم دیکھ رہی تھی۔ واقعہ کے بعد ورثا نے لاش جیل روڈ پر رکھ سڑک بلاک کردی۔ ایک گھنٹہ تک احتجاج کے بعد لواحقین لاش گھر لے گئے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اینٹی کرپشن اہلکاروں نے وائی ڈی اے کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر عاطف کے خلاف 35 لاکھ روپے کی خرد برد کے الزام پر گرفتاری کے لیے سروسز اسپتال میں چھاپہ مارا تھا۔

وائی ڈی اے نے ڈاکٹروں کی گرفتاری اور مبینہ تشدد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کر دی تھی۔ سروسز، گنگا رام اور جنرل اسپتال سمیت صوبے بھر کے اسپتالوں میں او پی ڈیز بند کر دیں گئی تھیں جس کے بعد مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں