لکی مروت : نجی فیکڑی کی بس کے قریب بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 خواتین سمیت 8 ملازمین زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نجی فیکٹری کے ملازمین کو لے جانے والی بس کے قریب بارودی مواد کا دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک ملازم جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت آٹھ ملازمین زخمی ہو گئے۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ دھماکا بیگو خیل روڈ پر ناور خیل موڑ کے قریب پیش آیا، جب نجی فیکٹری کی گاڑی ملازمین کو لے کر ڈیوٹی کے لیے درہ پیزو جا رہی تھی۔ اسی دوران گاڑی کے قریب نصب بارودی مواد میں زور دار دھماکا ہوا، جس سے بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
لکی مروت پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں نجی فیکٹری کا ایک ملازم فرید اللہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ زخمی ہونے والوں میں عبدالمالک، محمد جان، عارف، مثل خان، میر احمد، سید جان محمد اقبال اور دو خواتین اقبال جانہ اور گل جینہ شامل ہیں۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر گورنمنٹ سٹی اسپتال لکی مروت منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کے علاج کے لیے خون کی شدید کمی کا سامنا ہے، جس پر شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر سٹی اسپتال پہنچ کر خون عطیہ کریں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ پولیس نے علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کا مقدمہ تھانہ سٹی لکی مروت میں درج کیا جا رہا ہے جبکہ واقعے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ جاں بحق ملازم کے اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


