تازہ ترین

لاک ڈاؤن میں انسان محصور، ننھے منے میمنے پارک میں جھولے لینے لگے

کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے سڑکوں پر سے انسان کیا غائب ہوئے، جانوروں کی تو عید ہی ہوگئی، ننھی منی بھیڑیں آکر بچوں کے جھولے جھولنے لگیں۔

انگلینڈ کے شہر پریسٹن میں محصور شہریوں نے اپنی کھڑکیوں سے دیکھا کہ ایک پارک کے جھولے میں بھیڑ کے میمنے چڑھ کر جھولے لے رہے ہیں اور بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔

دراصل انسانوں کے گھروں میں محصور ہوجانے سے ان میمنوں سمیت کئی جانور بے خوف و خطر سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

دوسری جانب ویلز کی کاؤنٹی میں بھی پہاڑی بکریاں سڑکوں پر نکل آئیں اور مزے سے چہل قدمی کرنے لگیں۔

شہریوں نے گھروں میں رہتے ہوئے فطرت سے اس رابطے پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس سے پہلے اٹلی کے معروف سیاحتی شہر وینس میں بھی ایسی ہی صورتحال دیکھنے میں آئی جہاں سیاحوں کے غائب ہوجانے کے بعد ندی، نالے اور جھیلیں آلودگی سے پاک، شفاف ترین ہوگئے اور مقامی آبی حیات ایک بار پھر یہاں بسیرا کرنے آن پہنچی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں دیکھا گیا کہ وینس کی جھیلیں صاف شفاف ہوگئی ہیں اور ان میں موجود مچھلیاں صاف دکھائی دے رہی ہیں۔ کچھ جھیلوں پر بطخیں اور ہنس بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -