پیرس: اسپین کے عالمی شہرت یافتہ نوجوان فٹبالر لامین یامال نے بارسلونا کے کم عمر ترین کپتان بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 19 سالہ لامین یامال نے یہ اعزاز فائنورڈ کے خلاف چیمپئنز لیگ کے میچ میں حاصل کیا، جس میں بارسلونا نے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے فتح سمیٹ لی۔
رپورٹس کے مطابق میچ کے 71 ویں منٹ میں بارسلونا کے مستقل کپتان رافینیا کو میدان سے باہر بلایا گیا تو انہوں نے لامین یامال کو ذمہ داری سونپ دی۔
یامال نے 19 سال اور 58 دن کی عمر میں کپتانی سنبھال کر بویان کرکیچ کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2010 میں 20 سال کی عمر میں بارسلونا کے کپتان بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یامال کی اپنی گرل فرینڈ انیس گارسیا کے ساتھ پیرس میں موجودگی کے دوران رومانوی تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔
View this post on Instagram
یامال نے انسٹاگرام پر انیس گارسیا کے ساتھ کچھ ایسی تصاویر شیئر کی تھیں جو اس سے قبل منظرِ عام پر نہیں آئی تھیں۔
فٹبالر کی یہ تصاویر ایسے وقت میں سامنے آئی تھیں جب انہیں 2025-26 لا لیگا سیزن کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔


