کراچی : لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب ٹریلر کے نیچے سوئے ہوئے مزدوروں کو کچلنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب تین روز قبل پیش آنے والے لرزہ خیز حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس میں دو مزدوروں کی جان جانے کے افسوسناک لمحات دیکھے جا سکتے ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں جاں بحق افراد مزدور پیشہ تھے، جو شدید گرمی اور تھکن سے چور ہو کر آرام کی غرض سے وہاں کھڑے ایک ٹرالر کے نیچے سائے میں سو گئے تھے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں افراد ٹرالر کے پچھلے حصے کی سائیڈ پر موجود تھے، ٹرالر ڈرائیور جو نیچے سوئے ہوئے افراد سے مکمل طور پر لاعلم تھا نے گاڑی اسٹارٹ کی اور روانہ ہو گیا، ٹرالر کے حرکت میں آتے ہی نیچے سوئے ہوئے دونوں مزدور ٹائروں تلے کچل گئے۔
فوٹیج میں مزید دیکھا گیا کہ حادثے کے فوری بعد ٹرالر کے کلینر نے بھاگ کر ڈرائیور کو واقعے کی اطلاع دی، تاہم رکنے یا مدد کرنے کے بجائے ڈرائیور اور کلینر ٹرالر سمیت موقع سے فرار ہو گئے۔
افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کی شناخت ہو گئی ہے، جن میں 25 سالہ ارشد اور 30 سالہ ضمیر شامل ہیں، پولیس فوٹیج کی مدد سے مفرور ڈرائیور اور کلینر کی تلاش کر رہی ہے۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


