کراچی (30 اپریل 2026): لانڈھی پولیس نے انوکھا کارنامہ انجام دیتے ہوئے کہ موٹر سائیکل لفٹر کو گٹکے کے مقدمہ میں بند کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لانڈھی کے علاقے بابر مارکیٹ سے فیصل نامی ملزم نے موٹر سائیکل چوری کی تھی، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے، جس میں ملزم فیصل کو موٹر سائیکل لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم، گرفتار ملزم فیصل چھالیہ ڈیلر تنویر کا سالا ہونے کی وجہ سے اسے بچانے کے لیے انٹیلیجنس اہلکار فیضان کے ساتھ مل کر مبینہ رشوت کے عوض کیس تبدیل کر دیا گیا۔
تنویر کے بھائی طارق کے ساتھ انٹیلی جنس اہلکار فیضان کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ طارق کا نام انٹیلی جنس رپورٹ میں بھی شامل ہے۔
ادھر ایس ایچ او لانڈھی تھانہ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم فیصل گٹکا فروش ہے جس سے گٹکا برآمد ہوا ہے، ملزم کو خفیہ اطلاع پر لانڈھی پولیس نے گرفتار کیا، اور انھیں موٹر سائیکل چوری کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔
دریں اثنا، کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کا کار لفٹر سے مقابلہ ہوا جس میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک کار لفٹر ہلاک ہو گیا ہے، ایس ایس پی اے وی ایل سی خالد مصطفیٰ کورائی کے مطابق ہلاک ملزم مرتضیٰ سے اسلحہ اور چھینی گئی کار برآمد ہوئی ہے، اور وہ ایکی خطرناک کار لفٹر تھا، جس پر پہلے سے 10 مقدمات درج ہیں۔
عدنان راجپوت اے آر وائی نیوز سے بطور کرائم رپورٹر وابستہ ہیں


