روجھان : جنوبی پنجاب کے ضلع روجھان میں بااثر زمیندار نے گائے کی ٹانگ توڑ دی، زمیندار نے کھیت میں داخل ہونے پر گائے پر تشدد کیا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے ضلع روجھان میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ، جہاں موضع جھنڈی میں گائے کھیت میں جانے پر بااثر زمیندار نے گائے کی ٹانگ توڑ دی، جس سے بے زبان جانور چلنے پھرنے سے لاچار ہوگیا۔
واقعہ تھانہ عمر کوٹ کی حدود میں پیش آیا، جہاں مقامی افراد کے مطابق زمیندار نے کھیت میں داخل ہونے پر گائے پر تشدد کیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر عمر کوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا اور ویٹرنری ڈاکٹر سے رپورٹ طلب کرلی۔
گائے کے مالکان اور اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظلم ناقابل برداشت ہے اور ذمہ دار شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
مزید پڑھیں : سفاک زمیندار نے کھیت میں داخل ہونے پر بھینس کی ٹانگیں توڑ دیں
یاد رہے چند روز قبل پیر محل میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا تھا ، جب کھیت میں داخل ہونے پر زمیندار نے بھینس کی ٹانگیں توڑ دی تھیں ۔
پولیس کے مطابق بھینس کی ٹانگیں توڑنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مقدمہ زاہد، اظہر، طارق اور 4 نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا۔
اس سے قبل بھی پنجاب کے دو شہروں میں بے زبان جانوروں پر بہیمانہ تشدد کے دو واقعات پیش آئے، جس میں سفاک زمینداروں نے معمولی بات پر 2 بیزبان گدھیوں کی ٹانگیں توڑ ڈالیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


