جمعہ, مارچ 13, 2026
اشتہار

طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (14 فروری 2026): وفاقی وزیر جام کمال خان نے بلوچستان ریزیڈنشل کالج (بی آر سی) اوتھل کے سیکنڈ ایئر فائنل بیچ کے تمام طلبہ کیلیے لیپ ٹاپ کا اعلان کر دیا۔

اے پی پی کے مطابق بی آر سی اوتھل کے طلبہ اور اساتذہ نے آل پاکستان مطالعاتی دورے کے دوران پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے دفتر کا دورہ کیا اور ان سے ملاقات کی۔

وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ سیکنڈ ایئر کے فائنل بیچ کے تمام طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کو مضبوط بنا سکیں، موجودہ دور میں ٹیکنالوجی تک رسائی نوجوانوں کی کامیابی کیلیے ناگزیر ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم، کراچی کے طلبہ کا انتظار ختم

جام کمال خان نے کہا کہ بی آر سی اوتھل کا قیام ان کے والد مرحوم سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام میر محمد یوسف نے لسبیلہ کے عوام کو تحفے کے طور پر دیا تھا جو جام خاندان کی علم دوستی اور نوجوانوں سے وابستگی کا عملی ثبوت ہے۔

بچوں سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی دنیا کو تیزی سے بدل رہی ہے، آج موبائل فون وہ کام انجام دے رہا ہے جو پہلے مختلف دفاتر اور پیشہ ور افراد کیا کرتے تھے، آنے والے مہینوں میں یہ صلاحیتیں مزید کئی گنا بڑھ جائیں گی۔

اس تناظر میں انہوں نے نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ جام کمال خان نے زرعی شعبے، لائیو سٹاک، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، ڈیٹا سینٹرز، بیٹری ٹیکنالوجی، پاور سیکٹر اور مائننگ کو مستقبل کے اہم شعبے قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کاپر، گولڈ، کرومائٹ، میگنیز، آئرن اور اینٹیمنی جیسے قیمتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے جو جدید صنعتوں اور سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا موقع ایک بار ضائع ہو جائے تو دوبارہ حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے طلبہ کو پوری توجہ اپنی پڑھائی پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

انہوں نے نوجوانوں کو جدید تحقیقی اور سائنسی شعبوں کی طرف بھی راغب کیا۔ انہوں نے جدید تعلیمی سہولیات، فائبر آپٹک انٹرنیٹ، ہائی ٹیک لیبارٹریز اور انڈسٹری سے منسلک جامعات کی ضرورت پر زور دیا اور طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اعلیٰ تعلیمی اداروں خصوصاً نسٹ جیسے اداروں کا رخ کریں جہاں تحقیق اور صنعت کا مؤثر امتزاج موجود ہے۔

ملاقات کے اختتام پر طلبہ نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے اعلان کو نوجوانوں کیلیے ایک اہم اور حوصلہ افزا اقدام قرار دیا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں