اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تجاوزات کےخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کافیصلہ کرلیا گیا ، پہلے مرحلے میں شہر کے مختلف سیکٹرزکی کچی آبادیاں خالی کرائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں سے پاک کرنے کے لیے انتظامیہ نے بڑے آپریشن کی تیاری مکمل کرلی۔
کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تیار کردہ مشترکہ آپریشنل فریم ورک منظوری کے لیے وزارتِ داخلہ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس گرینڈ آپریشن کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے، آپریشن میں سی ڈی اے انفورسمنٹ کے عملے اور اسلام آباد پولیس کے ہمراہ فرنٹیئر کانسٹیبلری اور رینجرز کے دستے بھی حصہ لیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ مزاحمت سے نمٹا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کو مختلف مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں قائم غیر قانونی کچی آبادیوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
سیکٹر جی سیون (G-7) کی کچی آبادیاں، سیکٹر آئی نائن (I-9) کی کچی آبادیاں اور مہرآبادی کے علاقوں کو خالی کرانے کا پلان تیار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ، انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر طاقت کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔ فریم ورک کے تحت سی ڈی اے انفورسمنٹ کا عملہ رواں ہفتے سے تمام غیر قانونی قابضین کو باقاعدہ نوٹسز بھیجنے کا سلسلہ شروع کرے گا۔
ان نوٹسز کے ذریعے تمام قابضین کو ایک ماہ کی حتمی مہلت دی جائے گی تاکہ وہ خود ہی کچی آبادیاں اور غیر قانونی تعمیرات خالی کر دیں۔
انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ایک ماہ کی دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
اگر نوٹسز کے باوجود آبادیاں خالی نہ کی گئیں، تو رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں ہیوی مشینری کے ذریعے تمام غیر قانونی اسٹرکچرز کو مسمار کر دیا جائے گا۔


