لاڑکانہ(13 فروری 2026): اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر نگینہ میمن کی مبینہ غنڈہ گردی کی فوٹیج وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں دھمکی دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے تجارتی مرکز ریشم گلی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر نگینہ میمن کی جانب سے دکانداروں کو ہراساں کرنے اور زبردستی مفت سامان لے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو سپر اسٹور کے عملے کو دھمکاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ کہہ رہی ہیں کہ "تم مجھے مفت سامان دینے سے انکار کر رہے ہو، اب میں دیکھ لوں گی”۔ انہوں نے ریکارڈنگ کرنے والے عملے کو چیلنج کیا کہ ویڈیو بنانے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ میڈم نگینہ آئے روز دکانوں پر آکر قیمتی اشیاء مفت میں لے جاتی ہیں اور انکار کرنے پر کاروبار سمیٹنے کی دھمکیاں دیتی ہیں۔ تاجروں نے الزام لگایا ہے کہ مزاحمت کرنے پر ایک اسٹور مالک کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرایا گیا ہے جس میں ان کے بیرونِ ملک زیرِ تعلیم بیٹے کو بھی نامزد کر دیا گیا ہے، جس کے باعث طالب علم واپس نہیں جا پا رہا۔
تاجر برادری نے وزیراعلیٰ سندھ اور وزیرِ محکمہ لیبر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انتباہ دیا ہے کہ انصاف نہ ملنے کی صورت میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


