اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

کیڈٹ کالج لاڑکانہ، طالب علم کو علاج کے لیے امریکا بھیجنے کی تجویز

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : استاد کے مبینہ تشدد کا شکار کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے طالب علم محمد احمد حسین کو دس رکنی میڈیکل بورڈ نے علاج کی غرض سے امریکا بھیجنے کی سفارش کر دی ہے،رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجوا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر تشکیل دیئے گئے دس رکنی میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ مرتب کرکے محکمہ صحت، حکومتِ سندھ کو ارسال کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق طالب علم پر بھاری چیز سے ضرب لگنے کے شواہد ملے ہیں جس کی وجہ سے وہ آکسیجن کی کمی کا شکار ہوگیا ہے اور دماغ کو آکسیجن نہ پہنچنے کے باعث وہ ذہنی استعداد کھو رہا ہے جس کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں اس لیے طالب علم کو علاج کی غرض سے امریکا بھیجا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پروفیسر جنید اشرف کی سربراہی میں دس رکنی میڈیکل بورڈ نےطالب علم کا مکمل طبی معائنہ کیا اور اب تک طالب علم کے کیے جانے والے مختلف ٹیسٹ سمیت مختلف اسپتالوں میں زیر علاج رہنے کے دوران بنائی گئی تفصیلی میڈیکل رپورٹ کا بھی جائزہ لیا۔

میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھاری چیز کی ضرب لگنے سے طالب علم کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے اور دماغ کی مختلف رگیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے دماغ کو آکسیجن مقررہ مقدار تک نہیں پہنچ پا رہی ہے ایسے مریض کو ہائی پو آکسی کا مریض کہا جاتا ہے۔


واضح رہے طالبعلم محمد احمد حسین اس وقت جناح اسپتال کے میڈیکل آئی سی یو کے آئیسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج ہے اور صوبائی حکومت کی جانب سے بیرون ملک علاج کے لیے بھیجے جانے تک طالب علم جناح اسپتال میں ہی زیر علاج رہے گا۔

یاد رہے محمد احمد حسین لاڑکانہ کیڈٹ کالج کا طالب علم ہے جسے شدید علالت کے باعث پہلے مقامی اسپتال داخل کیا گیا تھا طالب علم کے والد نے موقف اختیار کیا تھا کہ بچے کی علالت کی وجہ کالج کے استاد کا مبینہ تشدد ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حقائق جاننے کے لیے پروفیسر جنید اشرف کی سربراہی میں دس رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں