اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں 2 اگست 2019 تک توسیع کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ عوام ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں توسیع کا فائدہ اٹھائیں، تاریخ میں 2 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ 500 اسکوائر یارڈز سے زاید کے گھر میں رہنے والے پر ٹیکس ریٹرن لازم ہے، بڑے مکان میں رہنے والوں کو ٹیکس دینا پڑے گا۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ 1000 سی سی سے بڑی گاڑی رکھنے والے پر بھی ٹیکس ریٹرن لازم ہے۔
یاد رہے کہ چند دن قبل شبر زیدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ آٹے اور میدہ پر حکومت کی جانب سے کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، اگر قیمت بڑھی ہے تو اس کا ذمہ دار ایف بی آر نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے دکان داروں کے لیے فکس ٹیکس اسکیم لائی جائے گی، تاہم اس بات کا تعین بھی ہونا ہے کہ چھوٹا دکان دار ہے کون۔
انھوں نے شناختی کارڈ کے مسئلے پر بھی کہا تھا کہ جو 50 ہزار سے زاید کی شاپنگ کرتا ہے اس سے شناختی کارڈ مانگا گیا ہے، یہاں تو فقیر کے پاس بھی شناختی کارڈ ہے، ٹیکس فری کے عادی شناختی کارڈ کی شرط پر اعتراض کر رہے ہیں، جب کہ ہر کوئی شناختی کارڈ کو این ٹی این قرار دینے کے حق میں ہے۔