کراچی : سندھ کے 20 اضلاع میں خصوصی پولیو مہم کا آخری دن ہے، مہم میں 57 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ کی یدایت پر سندھ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی جانب سے صوبے کے 20 اضلاع میں 18 مئی شروع ہونے والی خصوصی پولیو مہم کاآخری دن ہے، اس مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 57 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ مہم صوبے کے 1,125 یونین کونسلز میں چلائی جائے گی، جن میں بدین، دادو، گھوٹکی، حیدرآباد، جیکب آباد، جامشورو، قمبر، کشمور، خیرپور، لاڑکانہ، میرپورخاص، سانگھڑ، شہید بینظیرآباد، شکارپور، سجاول، سکھر، تھرپارکر، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد خان، اور عمرکوٹ شامل ہیں۔
مہم میں 44 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز حصہ لیں گے، جبکہ 15 ہزار سے زائد قانون نافذ کرنے والے اہلکار سیکیورٹی اور سرگرمیوں کے مؤثر انعقاد میں معاونت فراہم کریں گے۔
پولیو اب بھی بچوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، اور ہر مہم میں بچوں کو بار بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ان کی قوتِ مدافعت مضبوط بنانے اور عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اس مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔
پاکستان کی خاتونِ اول، محترمہ آصفہ بھٹو زرداری نے شدید موسمی حالات میں صوبے بھر میں خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن ورکرز کے عزم اور خدمات کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو ٹیمیں بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے اور ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہیں، لہٰذا کمیونٹی کا تعاون اس مہم کی کامیابی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
حکومتِ سندھ ہر بچے تک زندگی بچانے والی ویکسین پہنچانے اور پولیو سے پاک، محفوظ مستقبل یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہے۔


