اسلام آباد : سال 2025 کی آخری ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 15 دسمبر سے ہوگا، جس میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سال 2025 کی آخری ملک گیر انسدادِ پولیو مہم 15 تا 21 دسمبر منعقد کی جائے گی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر (نیشنل ای او سی) نے بتایا اس مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی کا کہنا تھا کہ مہم میں پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچے ، سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد بچے ، خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد ، بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد ، اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ، گلگت بلتستان 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے کہا کہ مہم کے دوران 4 لاکھ سے زائد مرد و خواتین پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے دیں گے۔
والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ورکرز کو اپنی دہلیز پر خوش آمدید کہیں اور اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے انہیں لازمی دو قطرے پلائیں۔
حکام نے والدین پر زور دیا کہ پولیو کے قطرے بچوں کی حفاظت کے لیے انتہائی اہم ہیں اور مہم میں بھرپور تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ پاکستان کو پولیو سے مکمل پاک بنایا جا سکے۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


