ممبئی: اوڑی حملے کے بعد کئی بھارتی گلوکاروں کے پاکستان مخالف بیانات کے بعد لتا منگیشکر بھی اپنے فوجیوں کی حمایت میں کود پڑیں اور مارے گئے 18جوانوں کے غم میں سالگرہ نہ مناننے کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوجیوں کی فلاح کےلیے فنڈنگ کریں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان محاذ گرم ہونے کے بعد سُروں کی ملکہ لتا منگیشکر بھی اپنے وطن کی حمایت میں اٹھ کھڑی ہوئیں، لتا منگیشکر نے اس مرتبہ 28 ستمبر کو آنی والے اپنی 87 ویں سالگرہ پر مداحوں سے کوئی تحفہ یا پھول وغیرہ بھی وصول کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ لوگ ان پیسوں کو آرمی ویلفیئر فنڈ میں جمع کرائیں۔
لتا منگیشکر نے اوڑی حملے پر ٹوئٹ کیا ہے کہ میں ایسا مانتی ہوں کہ ماں، باپ، ماسٹر اور وطن کے محافظ ہمارے جوانوں کے لیے جتنا بھی کریں کم ہے۔
انہوں نے بھارتی فوجیوں کو بہادر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے بہادر جوان جو ملک کی حفاظت کے لے اپنی جان کی پروا نہیں کرتے، انہی کی وجہ سے ہم محفوظ رہتے ہیں۔
لتا نے مزید کہا کہ ہمارا یہ بھی فرض بنتا ہے کہ ہم ان کے لیے اپنی طرف سے جو بھی کچھ ہو سکے وہ ضرور کریں، میں اپنی طرف سے اپنے کچھ بہادر جوان فوجی بھائیوں کے لیے آرمی ویلفیئر فنڈ میں کچھ رقم جمع کرا رہی ہوں، میرے اوپر آپ کا احسان ہوگا کہ اگر آپ بھی اس کام میں اپنا کردار ادا دیں۔