پیر, اگست 10, 2026
اشتہار

چین کی طرز پر لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سینٹر کے قیام کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (6 اگست 2026): وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں چین کی طرز پر لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سینٹر کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین اور ترکیہ سے تربیتی کورس مکمل کر کے وطن واپس آنے والے اے ایس پیز نے ملاقات کی، اور انہیں جدید پولیسنگ، سرویلنس سسٹمز، ٹیکنالوجی اور جدید آلات کے استعمال کے مشاہدات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر ملکی تربیتی پروگرامز کو تربیت کا مستقل حصہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاق کہ اسلام آباد میں چین کی طرز پر لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سینٹر کے قیام کیلیے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائیگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ لا انفورسمنٹ سینٹر میں ڈیٹنشن، انویسٹی گیشن اور سمری ٹرائل ایک چھت تلے ہوگا۔ اس سینٹر میں معمولی نوعیت کے جرائم کے مقدمات کا فوری اور موثر تصفیہ ممکن بنایا جائیگا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ جدید پولیسنگ کے کامیاب ماڈلز سے استفادہ کر کے پولیس نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ جدید ٹیکنالوجی اور سرویلنس سسٹمز کے ذریعے نگرانی کے دائرہ کار میں نمایاں اضافہ ممکن بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جرائم کی روک تھام، موثر نگرانی کیلیے وزارت داخلہ کے ایوی ایشن ونگ میں جدید ڈرونز شامل کیے جائیں گے جب کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن رومز قائم کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید پولیسنگ کی ضروریات کے مطابق اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جائیگی اور پولیس کے لیے آپریشنل ضروریات سے ہم آہنگ یونیفارم متعارف کرائی جائے گی۔

 

محسن نقوی نے یہ بھی بتایا کہ انٹیروگیشن کو بطور اسپیشلائزڈ سبجیکٹ متعارف کرایا جائے گا، اور ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کی بنیاد پر انٹیروگیشن کی جدید تکنیکس تربیت کا حصہ بنائی جائیں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں