اسلام آباد : وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نےعدالت میں جو کہا وہ ہر لحاظ سے خوش آئند ہے، عدالت میں اپنے الفاظ واپس لینے سے کسی کا قد چھوٹا نہیں ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق وکیل فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے خاتون جج سے معافی مانگنے کے بیان پر کہا کہ توہین عدالت کے 99فیصد کیسز ختم ہوجاتے ہیں ، عدالت کا مقصد ہوتا ہے کہ ادارے کےوقار کو نقصان نہ ہو۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے بڑے پن کامظاہرہ کیاگیا ہے، عمران خان نے جو عدالت میں کہا وہ ہرلحاظ سے خوش آئند ہے۔
انھوں نے کہا کہ پریکٹکلی یہ معاملہ ختم ہوگیااب صرف عدالتی کارروائی ہورہی ہے، عدالت میں اپنے الفاظ واپس لینے سے کسی کا قد چھوٹا ہی نہیں ہوتا۔
وکیل نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا خاتون جج کو یقین دہانی کرانے کوتیار ہوں ، آج کی سماعت سے عمران خان اور عدالت کا بھی وقار بلند ہوا۔
یاد رہے آج توہین عدالت کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عدالت میں کہا کہ خاتون جج کے پاس جاکر معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں، آئندہ اس قسم کی کوئی بات نہیں کروں گا۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کےخلاف توہین عدالت کی فرد جرم موخر کرتے ہوئے بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا۔