اسلام آباد : جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے وکلا نے ہڑتال کی اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو عدالتی فرائض سے روکنے کے عدالتی حکم کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی کال پر وکلاء آج ہڑتال کر رہے ہیں۔
سیکرٹری اسلام آباد ہائیکورٹ بار منظور ججہ نے کہا کہ بار نے وکلاء سے اپیل کی ہے کہ وہ بطور احتجاج آج عدالتوں میں پیش نہ ہوں۔
بار کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس طارق محمود کو عدالتی کام سے روکنے کے فیصلے کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وکلاء عدالتی آزادی پر کسی قسم کی قدغن قبول نہیں کریں گے اور ہڑتال اسی موقف کا اظہار ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق محمود کو عدالتی کام سے روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔ یہ حکم ان کی بطور جج تقرری کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست پر ڈویژن بنچ نے جاری کیا تھا۔


