کراچی : مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنمااور سابق وزیر اعلیٰ سندھ ممتاز بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران خون خرابہ نظر آرہا ہے،سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات سے قبل دھاندلی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
تمام سرکاری افسران کو ذاتی ملازمین کی طرح ہدایات دی جارہی ہیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی پریس کلب کے باہر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے کرپشن کیخلاف لگائے گئے کیمپ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ ہم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں،تحریک انصاف میں شامل نہیں ہوا ہوں ملاقاتیں ضرور ہوئی ہیں،کرپشن کیخلاف اندرون سندھ میں کاروائیاں تیز کی جائیں۔
اس سے قبل سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ رینجرز کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی کاروائی کرے،سندھ میں کرپٹ لوگوں کیخلاف کاروائی صوبوں میں مداخلت نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ کرپشن اگر صوبائی خودمختاری ہے تو ایسی خود مختاری نہیں چاہئے چھوٹے لوگوں کو گرفتار کیا جارہا ہے بڑی مچھلیوں کو گرفتار
کیاجائے۔