لاہور : ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شہریوں کے لیے آسان اقساط پر پلاٹوں کی فراہمی اور کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی جی ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کو آسان اقساط پر پلاٹوں کی فراہمی کے لیے کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کی پانچویں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا کامیاب انعقاد کیا گیا ہے۔
اس شاندار تقریب کا انعقاد ایل ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس جوہر ٹاؤن میں کیا گیا، جہاں شفاف کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت مختلف اسکیموں کے پلاٹس کامیاب شہریوں کے نام کیے گئے۔
قرعہ اندازی میں لاہور کے مایہ ناز علاقوں بشمول جوہر ٹاؤن، ایل ڈی اے سٹی، علامہ اقبال ٹاؤن اور موہلنوال کے رہائشی و کمرشل پلاٹس شامل کیے گئے تھے۔
قرعہ اندازی میں شامل پلاٹوں میں ایل ڈی اے سٹی بزنس میں 4 مرلہ کے کمرشل پلاٹس، جوہر ٹاؤن میں 2 سے ڈھائی مرلہ کے کمرشل پلاٹس اور ساڑھے 3 مرلہ کے رہائشی پلاٹس، علامہ اقبال ٹاؤن میں فروٹ مارکیٹ کے علاوہ 3 مرلہ کے کمرشل پلاٹس اور ایل ڈی اے انکلیو موہلنوال (بلاک ڈی) میں 3 مرلہ کے رہائشی پلاٹس شامل ہیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے شہریوں کو اپنی بہترین اسکیموں میں واقع یہ پلاٹس 3 سال کی انتہائی آسان اقساط پر فراہم کر رہا ہے۔
قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش نصیب شہری پلاٹوں کی کل قیمت 3 سال کے عرصے کے دوران 12 مساوی اقساط میں ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید نوید سنائی کہ ایل ڈی اے شہریوں کی سہولت اور اپنے گھر کے خواب کو پورا کرنے کے لیے مستقبل میں ایسے مزید پلاٹس بھی مارکیٹ میں لائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


