مانگا منڈی: انسانی گردے فروخت کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم شہریوں کو چند روز تک حبسِ بے جا میں رکھتا اور ڈیل طے ہونے کے بعد ان کا گردہ نکال لیا جاتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق رائیونڈ پولیس نے مانگا منڈی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی گردے فروخت کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم معصوم اور غریب شہریوں کو پیسوں کا لالچ دے کر ورغلاتا تھا اور انہیں اسلام آباد میں قائم ایک نجی کلینک میں لے جاتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شہریوں کو چند روز تک حبسِ بے جا میں رکھتا اور ڈیل طے ہونے کے بعد ان کا گردہ نکال لیا جاتا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم نے ایک متاثرہ شہری کو تین لاکھ روپے کا لالچ دے کر اس کا گردہ نکلوا لیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


