تازہ ترین

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

روس نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی حمایت کردی

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال کے...

بیوٹی پارلرز اور شادی ہالز پر فکس ٹیکس لگانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے بیوٹی پارلرز اور شادی ہالز...

چمن میں طوفانی بارش، ڈیم ٹوٹ گیا، مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

چمن: بلوچستان کے ضلع چمن میں طوفانی بارشوں نے...

معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز انتقال کرگئے، وزیراعظم کا اظہار افسوس

لاہور: معروف ٹی وی کمپیئر اور کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے طارق عزیز انتقال کرگئے، وزیراعظم عمران خان اور شوبز شخصیات سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نامور ٹیلی ویژن کمپیئر اور اداکار طارق عزیر خالق حقیقی سے جاملے، انہوں نے متعدد فلموں میں اداکاری کی، طارق عزیز کی وجہ شہرت مقبول شونیلام گھر تھا۔ طارق عزیزرکن قومی اسمبلی بھی رہے۔ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی، طارق عزیز ایک ادیب اور شاعر بھی تھے۔

نمازِ جنازہ

طارق عزیز کی نمازجنازہ آج شام ساڑھے 5بجے گارڈن ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی۔

طارق عزیز 28 اپریل 1936ء کو ہندوستان(برصغیر) کے شہر جالندھر میں پیدا ہوئے، ان کے والد میاں عبد العزیز 1947 میں پاکستان ہجرت کر آئے، طارق عزیز نے اپنا بچپن ساہیوال  میں گزارا، انہوں نے ابتدائی تعلیم ساہیوال سے ہی میں حاصل کی۔ بعد ازاں معروف ٹی وی ہوسٹ نے ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔

طارق عزیز کی وجہ شہرت

جب 1964ء میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے، تاہم 1975 میں شروع کیے جانے والے ان کے سٹیج شو نیلام گھر نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، یہ پروگرام کئی سال تک جاری رہا اور اسے بعد میں بزمِ طارق عزیز شو کا نام دے دیا گیا۔

انہوں نے ریڈیو اور ٹی وی کے پروگراموں کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کی۔ ان کی سب سے پہلی فلم انسانیت 1967 آئی تھی اور ان کی دیگر مشہور فلموں میں سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں، ہار گیا انسان قابل ذکر ہیں، انہیں ان کی فنی خدمات پر بہت سے ایوارڈ مل چکے ہیں۔

حکومتِ پاکستان کی طرف سے طارق عزیز کو 1992ء میں حسن کارکردگی کے تمغے سے بھی نوازا گیا۔

وزیراعظم کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

وزیراعظم عمران خان نے طارق عزیز کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ طارق عزیز آئیکون اور ہمارے ٹی وی گیم شوز کے بانی تھے، دعائیں ان کےخاندان کے ساتھ ہیں۔

شوبز اور اہم شخصیات کا اظہار تعزیت

طارق عزیز کے انتقال پر شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی اظہار تعزیت کررہی ہیں۔ اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ طارق عزیز کے انتقال کا سن کر دکھ ہوا، وہ کمال کی شخصیت تھے۔

بہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ طارق عزیز کا کوئی متبادل نہیں، ان کے انتقال سے بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے، طارق عزیز ہمارے استادوں میں تھے، 1964میں پی ٹی وی کی پہلی اناؤنسمنٹ طارق عزیز نے کی، طارق عزیز کو قرآن پاک کی  بہت سی آیات ترجمہ کے ساتھ یاد تھیں، اللہ تعالیٰ طارق عزیز کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

اداکار غلام محی الدین نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طارق عزیز نے نیلام گھر شروع کیا جو 40سال چلا ہے، پاکستان میں طارق عزیز جیسا کوئی دوسرا شوبز اسٹار نہیں تھا۔

ادھر گورنرسندھ نے بھی طارق عزیز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طارق عزیز ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے نیلام گھر سے ٹی وی کمپئیرنگ کو عروج تک پہنچایا، طارق عزیز اچھے انسان ہونے کے ساتھ معروف شاعر بھی تھے، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پر نہیں ہوسکے گا۔

Comments

- Advertisement -