ہفتہ, دسمبر 13, 2025
اشتہار

لبنانی فوج کے سربراہ کا امریکا کا دورہ آخری لمحے میں منسوخ

اشتہار

حیرت انگیز

بیروت (19 نومبر 2025): لبنانی آرمی چیف کا امریکا کا دورہ آخری لمحے میں منسوخ ہو گیا۔

روئٹرز کے مطابق لبنانی حکام نے کہا ہے کہ امریکا نے لبنان کی فوج کے سربراہ جنرل روڈولف ہیکل کے ساتھ واشنگٹن میں ہونے والی ملاقاتیں منسوخ کر دی ہیں۔

لبنانی فوج نے اتوار کو اسرائیل کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے بارے میں ایک بیان جاری کیا تھا، امریکا نے اس بیان پر اعتراض کرتے ہوئے ملاقاتیں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

لبنانی حکام کے مطابق لبنانی آرمی چیف فوجی امداد حاصل کرنے کے لیے امریکا کا دورہ کرنے جا رہے تھے، اور امریکا کی جانب سے فوجی امداد اور سرحدی سیکیورٹی کے تعاون سے متعلق ملاقاتیں طے تھیں، حکام نے اس منسوخی کو اچانک اور حیران کن قرار دیا۔

اسرائیل نے لبنان میں بھی فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر بم برسا دیے، 13 جاں بحق

لبنانی میڈیا کے مطابق اس دورے کی منسوخی سے حزب اللہ کو کم زور کرنے کی کوششوں میں امریکی عدم اطمینان کی عکاسی ہوتی ہے، اور لبنان کی فوج کے حالیہ بیان نے دورے کی منسوخی میں کردار ادا کیا، اتوار کے روز جاری بیان میں فوج نے اسرائیل پر ’لبنانی خودمختاری کی خلاف ورزی پر اصرار کرنے، عدم استحکام پیدا کرنے اور جنوب میں فوج کی تعیناتی میں رکاوٹ ڈالنے‘ کا الزام لگایا۔

واشنگٹن کو لبنانی فوج کے بیان میں اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرانا قبول نہیں ہوا، اور امریکا حزب اللہ کے کردار پر لبنانی فوج کی زیادہ توجہ چاہتا تھا، امریکا اور اسرائیل لبنان پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ حزب اللہ کو مکمل طور پر غیر مسلح کریں۔

خیال رہے کہ واشنگٹن لبنان کی فوج کا ایک اہم حمایتی ہے اور گزشتہ دو دہائیوں میں تین ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد فراہم کر چکا ہے، جس کا مقصد ریاستی اداروں کی حمایت کرنا ہے، ایک ایسے ملک میں جہاں ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروہ حزب اللہ طویل عرصے سے طاقت کا حامل ہے۔

اسرائیلی فوج لبنان کے اندر 5 چوکیوں پر قابض ہے اور جنوبی لبنان میں اکثر فضائی حملے کرتی ہے، جن کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ وہ حزب اللہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بناتے ہیں۔ ایک سال قبل اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے میں طے پایا تھا کہ لبنانی عسکری گروہ جنوب میں کوئی اسلحہ نہیں رکھے گا اور اسرائیلی فورسز لبنان سے مکمل انخلا کریں گی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں