بیروت (12 اپریل 2026): لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے اچانک امریکا کا دورہ ملتوی کر دیا ہے۔
لبنان کے وزیرِ اعظم نواف سلام نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے امریکا اور اقوامِ متحدہ کے اپنے طے شدہ دورے کو مؤخر کر رہے ہیں، انھوں نے یہ اطلاع سوشل میڈیا پوسٹ میں دی۔
نواف سلام نے لکھا موجودہ ملکی صورت حال کے پیش نظر سفر فی الحال مؤخر کیا ہے، اور وہ بیروت میں ہی رہیں گے تاکہ اپنے ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کی نگرانی کر سکیں۔
في ظل الأوضاع الداخلية الحاضرة، وحرصاً على القيام بواجبي كاملاً في الحفاظ على امن اللبنانيين ووحدتهم، قررت تأجيل سفري إلى الأمم المتحدة والولايات المتحدة، لمتابعة عمل الحكومة من بيروت.
— Nawaf Salam نواف سلام (@nawafsalam) April 11, 2026
انھوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ حکومتی امور کی براہ راست نگرانی اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کیا گیا تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کر سکیں۔
امریکا سے معاہدہ کیوں نہ ہو سکا؟ ایران کا بڑا موقف سامنے آ گیا
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے براہ راست مذاکرات کے اشارے کے بعد وزیر اعظم نواف سلام واشنگٹن اور یو این ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرنے والے تھے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان میں کشیدگی بڑھ رہی ہے، خاص طور پر اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے خلاف جاری حملوں کے باعث صورت حال مزید خراب ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی امریکا، اسرائیل اور لبنان کے حکام کے درمیان ایک اہم فون کال بھی ہوئی، جس میں اگلے ہفتے واشنگٹن میں ہونے والے ممکنہ مذاکرات کی تیاری پر بات کی گئی۔
یہ مذاکرات اس وقت شروع کیے گئے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان تلخ گفتگو ہوئی، کیوں کہ خدشہ ہے کہ لبنان میں جاری لڑائی ایران کے ساتھ ہونے والی نازک جنگ بندی کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


