انتخابی شیڈول جاری نہ کرنے پر گورنر کےپی اور پنجاب کو ہٹانے کیلئے قانونی نوٹس، جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے قانونی نوٹس صدر مملکت اور وزیراعظم کو بھجوا دیا۔
نوٹس صدر جوڈیشل ایکٹوازم پینل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے بھیجا گیا جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے90دن میں انتخابات کرانا آئینی تقاضا ہے اسمبلیوں کے انتخابی شیڈول جاری نہ کر کے گورنرز حلف شکنی کے مرتکب ہوئے۔
نوٹس کے مطابق صاف شفاف انتخابات کیلئے انتخابی شیڈول کا اجرا جمہوری اساس ہے آرٹیکل 105 کے برعکس گورنرز نے بدنیتی کی بنا پر انتخابی شیڈول جاری نہیں کیا، انتخابی شیڈول میں تاخیر کر کےگورنرزآئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے حلف کی خلاف ورزی پر گورنرز کیخلاف کارروائی کرنا صدرمملکت کا اختیارہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت آرٹیکل 101 کے تحت گورنرز کےخلاف کارروائی کریں حلف کی خلاف ورزی پر صدر گورنر پنجاب اور کےپی کےکو عہدوں سے ہٹائیں اگر گورنرز کو عہدوں سے نہ ہٹایا گیا تو قانونی چارہ جوئی کیلئے عدلیہ سے رجوع کیاجائے گا۔