جعلی ٹی آر پی میں ملوث قرار دیے گئے بھارتی ٹی وی چینل ریپبلک کے چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی قانونی شکنجے میں جکڑنے لگے۔
ارنب گوسوامی کے خلاف ایک جانب جعلی ریٹنگ کے الزام کی تفتیش جاری ہے تو دوسری جانب بولی ووڈ اسٹارز بھی ان کے خلاف میدان میں آگئے ہیں۔
چینل پر مسلسل بالی ووڈ شخصیات کی ذاتیات اور نجی زندگی سے متعلق غیر مہذب رپورٹنگ پر اداکاروں اور فلمسازوں نے ارنب گوسوامی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
ممتاز فلمساز کرن جوہر، یش راج، عامر خان، شاہ رخ خان، سلمان خان کی پروڈکشن کمپنیوں، فلمی صنعت کی 4 انجمنوں اور 34 پروڈیسرز کی جانب سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ریپبلک چینل تواتر سے بولی ووڈ شخصیات کی نجی زندگی کے خلاف زہر اگل رہا ہے، ان کے خلاف بے ہودہ زبان استعمال کی جارہی ہے اور توہین آمیز ریمارکس نشر کیے جارہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مذکورہ چینل اور ان کے ذیلی میڈیا اداروں کو بولی ووڈ شخصیات کا میڈیا ٹرائل کرنے سے روکا جائے، انڈسٹری کے لوگوں کی رازداری اور نجی زندگیوں میں مداخلت سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ ری پبلک سمیت3ٹی وی چینلز کے خلاف ریٹنگ میں جعلسازی کی انکوائری کا آغاز کیا گیا ہے۔ریٹنگ میں جعلسازی کر کےاشتہارات سےکمائی میں اضافہ کیاگیا۔
ممبئی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ری پبلک ٹی وی کے ڈائریکٹرز اور پروموٹرز زیر تفتیش ہیں، متعلقہ3ٹی وی چینلزکےبینک اکاؤنٹس کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔
ری پبلک ٹی وی کےایڈیٹرانچیف ارنب گوسوامی کو بھی بلائےجانےکاامکان ہے، متعلقہ ٹی وی چینلزنےمیٹرکی تنصیب والےگھروں کورشوت دی تھی۔