لاہور: میچ فکسنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے عمر اکمل پر لیجنڈری کرکٹرز برس پڑے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی جاوید میاں داد اور ظہیر عباس نے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور پی سی بی کے فیصلے کی حمایت کی۔
اپنے ایک انٹرویو میں ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کو مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے موقع ملنے کا امکان نظر نہیں آتا، اس کا کیریئر اب ختم ہوچکا، وہ سزا کا مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر اکمل جونیئر کھلاڑی نہیں بلکہ کافی عرصے سے پاکستان کے لیے کھیل رہا تھا، اسے میچ فکسنگ سے متعلق عالمی قوانین سے پی سی بی نے بارہا آگاہ کیا لیکن اس کے باوجود وہ باز نہ آیا۔
عمراکمل کی سزا پر کامران اکمل دفاع میں آگئے
سابق کرکٹر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسے کھلاڑی کو باصلاحیت نہیں کہہ سکتا جسے کرکٹ قوانین کا نہ پتا ہو، اگر کوئی قوانین کی پیروی نہیں کرتا وہ اچھا کرکٹر بھی نہیں ہوسکتا۔
دوسری جانب جاویدمیاں داد نے اپنے یوٹیوب چینل پر نئی ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے عمر اکمل اسکینڈل سے متعلق بات چیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سزا پانے والے کھلاڑی کو دیکھ کر دیگر کرکٹرز کو سبق لینا چاہیے، عمر اکمل اچھا کرکٹر ہے لیکن تنازع میں الجھ گیا، اسے بار بار سمجھایا لیکن کوئی اثر نہیں ہوا اور نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔
رمیز راجا پابندی کے شکار عمر اکمل پر برس پڑے
خیال رہے کہ چیئرمین ڈسپلنری پینل کے فیصلے کے مطابق کرکٹر عمر اکمل پر آئندہ تین برس تک ہر طرح کی کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر الزام تھا کہ انہوں نے میچ فکسنگ کی پیشکش اور روابط کے بارے میں متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ نہیں کیا تھا۔