تازہ ترین

کھٹمنڈو ایئرپورٹ پر تیندوے نے ہلچل مچا دی

کھٹمنڈو: نیپال کے واحد بین الاقوامی ایئر پورٹ کو اس وقت ہنگامی طور پر بند کرنا پڑا جب ایئر پورٹ کے رن وے کے قریب ایک تیندوا پایا گیا۔

ایئرپورٹ ترجمان کے مطابق تیندوے کو ایک پائلٹ نے دیکھا تھا، جس کے بعد اب جنگلی حیات اور سیکیورٹی پر معمور اہلکار اسے ڈھونڈ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تیندوے کی تلاشی کے دوران ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا اور اس دوران تمام فلائٹ آپریشنز لگ بھگ آدھے گھنٹے کے لیے معطل کردیے گئے، تاہم تیندوے کو ابھی تک تلاش نہیں کیا جاسکا ہے۔

ایئرپورٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے ایک پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔

خیال رہے کہ کھٹمنڈو جنگلاتی پہاڑوں سے گھرا ہوا شہر ہے اور اکثر اوقات تیندوے سمیت جنگلوں میں رہنے والے جانور نیچے اتر کر شہر میں داخل ہوجاتے ہیں۔

کھٹمنڈو ایئرپورٹ کو بھی پہاڑوں میں گھرے ہونے کی وجہ سے دنیا کے خطرناک ایئر پورٹس میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ یہاں اکثر پرندے اور دیگر جنگلی حیات خطروں کی صورت طیاروں کے راستے میں آجاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: جہاز کے حادثے کی صورت میں اپنائے جانے والے اقدامات

سنہ 2012 میں بھی ایک پرندہ اس وقت ایک طیارے سے ٹکرا گیا جب وہ ٹیک آف کر رہا تھا جس کی وجہ سے ٹیک آف کرتے ہی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 19 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Comments

- Advertisement -