تازہ ترین

تیندوے کا گھر میں گھس کر کتے پر حملہ، لوگ خوفزدہ

بھارت میں چیتے نے گھر میں گھس کر کتے پر حملہ کردیا جس کی ویڈیو دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناسک کے منگسارے گاؤں میں ایک تیندوا گھر میں داخل ہوا اور ایک پالتو کتے پر حملہ کر دیا۔

واقعے کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ پالتو کتا گھر کی باؤنڈری وال پر بیٹھا ہے اسی اثنا میں کہیں سے ایک چیتا نمودار ہوتا ہے اور کتے کو خوفزدہ کرتا ہے کتے نے جان بچانے کے لیے بھاگنے کی کوشش کی تو تیندوے نے کتے پر حملہ کر دیا اور اسے منہ سے دبوچ کر گھر سے دور لے گیا۔

محکمہ جنگلات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی صبح تقریباً 12.30 بجے منگسرے گاؤں میں پیش آیا۔
اس حملے سے مقامی لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا جس کے بعد محکمہ جنگلات کے اہلکار علاقے میں پہنچ گئے اور گاؤں والوں کو چوکنا رہنے کو کہا۔

ایک اہلکار نے کہا کہ تیندوے کو پکڑنے کے لیے علاقے میں جال بچھائے جائیں گے۔

جنگل کے ایک اہلکار نے کہا کہ ہم نے لوگوں سے رات کو گھر کے اندر رہنے کی اپیل کی ہے کیونکہ اس علاقے میں چیتے کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں جس کے سبب لوگوں کو چوکنا رہنا چاہیے۔

اس ویڈیو کو دیکھ کر صارفین بھی خوفزدہ ہو گئے، ایک صارف نے لکھا کہ ’جب وہ جانتے ہیں کہ تیندوا حملہ کر سکتا ہے تو وہ اپنے پالتو کتوں کو باہر کیوں رکھتے ہیں؟‘‘

پچھلے دو مہینوں کے دوران چیتے کے انسانوں پر حملوں کے متواتر واقعات نے مقامی باشندوں میں شدید خوف و ہراس اور بے چینی پیدا کر دی تھی۔

Comments

- Advertisement -