اسلام آباد: نسٹ یونیورسٹی میں تیندوے کی اطلاع پر طلبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم وائلڈ لائف بورڈ کے اہلکاروں نے تیندوے کو پکڑنے کے لیے ٹریپر لگا دیے ہیں۔
فصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایچ 12 میں واقع نسٹ یونیورسٹی کے کیمپس میں تیندوے کی موجودگی نے طلبہ اور انتظامیہ میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں تیندوے کو یونیورسٹی کی حدود میں آزادانہ گھومتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد وائلڈ لائف حکام کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے یونیورسٹی میں تیندوے کی موجودگی کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تیندوا پہلی بار 24 مارچ کی رات دیکھا گیا تھا۔ جدید کیمروں کی مدد سے تیندوے کی نقل و حرکت کو سیکٹر ایچ 10 سے ایچ 12 تک ٹریک کیا جا رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تیندوا مسلسل اپنا مقام بدل رہا ہے۔
تیندوے کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ و طالبات کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے ، طلبہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور انتہائی محتاط رہیں۔
کیمپس کے اندر سیکیورٹی گشت بڑھا دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ماہرین اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تیندوے کو پکڑنے کے لیے مختلف مقامات پر خصوصی ٹریپس (پنجرے) لگا دیے گئے ہیں۔
ریسکیو ٹیم تیندوا نظر آنے والے مقامات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ اسے بحفاظت پکڑ کر انسانی آبادی سے دور منتقل کیا جا سکے۔
حکام نے قریبی سیکٹرز کے شہریوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ رات کے وقت گھروں سے باہر نکلتے ہوئے احتیاط برتیں اور تیندوا نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر وائلڈ لائف ہیلپ لائن کو مطلع کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


