جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

بجلی صارفین بھاری بل کیسے ادا کریں گے؟ بڑی سہولت ختم کردی گئی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : بجلی کے بلوں کی اقساط پر مکمل پابندی عائد کر دی اور کہا واجب الادا رقم کی عدم ادائیگی پر صارفین کے بجلی کے کنکشنز کاٹ دیے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے رواں مالی سال کے آخری مہینے (جون) کے لیے اپنے ریکوری اہداف کو پورا کرنے کی خاطر بجلی کے بلوں کی اقساط پر مکمل پابندی عائد کر دی۔

لیسکو انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ افسران کو سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ جون کے دوران موجودہ بلوں اور سابقہ بقایاجات، کسی بھی مد میں اقساط کی اجازت نہ دی جائے۔

تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں تفویض کردہ اہداف کے مطابق واجب الادا رقم کی سو فیصد ریکوری کو یقینی بنائیں۔

نئے احکامات کے تحت ریکوری مہم کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے گھریلو ، کمرشل اور صنعتی تمام کیٹیگریز کے صارفین کو اس کا حصہ بنایا گیا ہے۔

لیسکو انتظامیہ اب نہ صرف موجودہ بل ہولڈرز بلکہ طویل عرصے سے بل ادا نہ کرنے والے ڈیڈ ڈیفالٹرز سے بھی سختی سے وصولی کرے گی۔

لیسکو حکام نے فیلڈ اسٹاف کو یہ بھی واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ واجب الادا رقم کی عدم ادائیگی پر صارفین کے بجلی کے کنکشنز کاٹ دیے جائیں، انہیں اس وقت تک ہرگز بحال نہ کیا جائے جب تک وہ اپنے تمام بقایاجات مکمل طور پر جمع نہیں کروا دیتے۔

کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سخت فیصلے کا مقصد جون کے اختتام تک ریکوری کے مقررہ ہدف کو حاصل کرنا اور واجب الادا رقم کی وصولی کو موثر بنانا ہے، تاہم لیسکو انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ یا سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں