لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے دادا کی جائیداد سے یتیم پوتوں کی کفالت کے معاملے پر قانونی پوزیشن واضح کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے یتیم پوتوں کے نان نفقہ سے متعلق میں حکم جاری کردیا ، جس میں عدالت نے دادا کی جائیداد سے بچوں کی کفالت کے معاملے پر قانونی پوزیشن واضح کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے بچوں کے چچا کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے کہا کہ دادا کی وفات کے بعد اس کی جائیداد سے بچوں کی کفالت کا حق ختم نہیں ہوتا، بچوں کے نان نفقہ کی ذمہ داری صرف باپ تک محدود نہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ دادا نے عدالتی حکم پر بچوں کو خرچہ دے کر اپنی ذمہ داری کا اعتراف کیا تھا، حالات کے مطابق بچوں کے نان نفقہ کا فیصلہ ہوگا، فیملی ایکٹ کے تحت بچوں کی کفالت کا دائرہ کار محدود نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے کیس ازسر نو سماعت کیلئے ٹرائل کورٹ واپس بھیج دیا اور ہدایت کی ٹرائل کورٹ مزید شہادتیں لے کر ازسر نو کیس کا فیصلہ کرے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ دادا کی جائیداد منتقلی اور قانونی وارثوں کی ذمہ داریوں کا ازسرنو تعین ضروری ہے، درخواست گزار بچوں کا چچا ہے اس پر خرچے کی ذمہ داری نہیں ڈالی جاسکتی، بچوں کاداداخوشحال شخص تھا جس نے زندگی میں بچوں کاخرچہ خود اٹھایا۔
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں


