ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپلیکیشنز پر پابندی کی درخواست پر اعتراض ختم ، سماعت کیلیے مقرر کرنے کا حکم

لاہور : ہاٸی کورٹ نے بیگو، ٹک ٹاک، لائیکی سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپلیکیشنز پر پابندی کی درخواست پر آفس اعتراض ختم کرتے ہوٸے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے وقاص انور گجر ایڈوکیٹ کی طرف سے سوشل میڈیا ایپس پرپابندی کی درخواست پر سماعت کی ۔
عدالت نے ہاٸی کورٹ آفس کی جانب سے درخواست پر اعتراضات ختم کرتے ہوٸے سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا ۔
درخواست میں پی ٹی اے، ایف آئی اے، بیگو، ٹک ٹاک، لائیکی کے مالکان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیگو، ٹک ٹاک، لائیکی اور دیگر سوشل میڈیا ایپلیکشنز کے ذریعے نوجوان اپنا وقت ضائع کررہے ہیں، ان ایپلیکشنز کے زریعے بیہودگی، عریانیت اور غیر اخلاقی حرکات کو فروغ دیا جارہاہے۔
دائر درخواست میں کہا ہے کہ پاکستان اسلامی ملک ہے، ریاست کی زمہ داری ہے کہ اسلامی شعائر کو فروغ دیا جائے، گزشتہ 2 برس کے دوران ٹک ٹاک کے لیے ویڈیوز بناتے ہوئے کئی نوجوان ہلاک ہو چکے ہیں، یہ ایپلیکشنز نوجوانوں کو خود غرضی کی طرف مائل کررہی ہیں اور ہم جنس پرستی کو بھی فروغ دے رہی ہیں ۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ان ایپ پر پابندی کے لیے پی ٹی اے سمیت دیگر محکموں کو درخواستیں دی گئی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی، عدالت ایسی تمام سوشل میڈیا ایپس پر پابندی عائد کرے اور سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کی مانیٹرنگ کیلئے قانون سازی کا حکم دیا جائے۔