ہفتہ, فروری 15, 2025
اشتہار

مخصوص نشستوں پر انتخابات، الیکشن کمیشن کی درخواست مسترد

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: ہائی کورٹ نے پنجاب میں مقامی حکومتوں کی مخصوص نشستوں پر نیا انتخابی شیڈول جاری کرنے سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل مسترد کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہو چکے ہیں ان ہی امیدواروں کو مقامی انتخابات میں حصہ لینے کا استحقاق ہونا چاہیے،قانون کے تحت مخصوص نشستوں پرزائد ووٹ لینے والے امیدواران ہی ان نشستوں پر کامیاب قرار دئیے جائیں گے اس حوالے سے تمام ریٹرننگ افسران کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مقامی حکومتوں کے انتخابات کے تمام انتظامات مکمل ہیں دوبارہ شیڈول جاری ہونے سے انتخابات میں مزید تاخیر ہو گی لہذا ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے اپیل دائر کرنے پر الیکشن کمیشن پر اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا ایڈیشنل سیکرٹری کو کس نے اختیار دیا ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے،ہائی کورٹ نے جس طریقہ کار کے مطابق الیکشن کروانے کا حکم دیا الیکشن کمیشن اسے کس طرح غلط کہہ سکتا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کسی سیاسی جماعتنے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا تو الیکشن کمیشن کو کس نے اس کا اختیار دیا ہے الیکشن کمیشن متاثرہ فریق نہیں اس کا کام صرف انتخابات کروانا ہے اور انتخابات میں سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

عدالت نے سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کی اپیل مسترد کر دی۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے مخصوص نشستوں پر انتخابات کے لیے نیا شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف الیکشن کمیشن نے ہائی کورٹ میں اپیل کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں