لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے رات دس بجے مارکیٹس بند نہ کروانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریسٹورینٹس کی ہوم ڈیلیوری کا وقت بڑھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سموگ تدارک کے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کے متعلق کیس کی سماعت کی۔
عدالت میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز سمیت دیگرز افسران پیش ہوئے، ماحولیاتی کمیشن کے ممبران نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
لاہور:ممبر ماحولیاتی کمیشن نے رات کو بروقت مارکیٹس بند نہ ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا مگر عملدرآمد نہیں ہورہا، استدعا ہے عدالت ریسٹورنٹس میں ہوم ڈیلیوری کا وقت ختم کردیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے میچز کیلئےگرین بیلٹس پر بیریئرز اور جنریٹرز لگانے سمیت رات دس بجے مارکیٹس بند نہ کروانے پر اظہار برہمی کیا۔
عدالت نے ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر درخت کاٹنے پر ڈی جی پی ایچ اے کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس کرتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے کو پیر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ڈی جی پی ایچ اے کام نہیں کرسکتے تو کسی اور جگہ چلیں جائیں یا کوئی اورکام کرلیں، یہ سب لوگ اپنی ڈیوٹی مکمل کرنےمیں ناکام رہےہیں ،ان آفیسرز کے خلاف آج ہی مقدمہ درج ہوگا اور ڈی جی پی ایچ اے کو نوکری سے برخاستگی کی کارروائی ہوگی۔
عدالت نے ریسٹورینٹس کی ہوم ڈیلیوری رات 2 بجے تک بڑھاتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔