site
stats
پاکستان

لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کو اسلام آباد بند کرنے سے روک دیا

لاہور: ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو اسلام آباد لاک ڈاؤن سے روکتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت گرانے کی غیر قانونی کوشش غداری ہے۔ اسلام آباد کو اکھاڑہ نہ بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اسلام آباد لاک ڈاؤن کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصاف کو اسلام آباد بند کرنے سے روک دیا۔

ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ تحریک انصاف اسلام آباد کو نہ تو بند کرے، نہ ہی نو گو ایریا میں جائے۔ عدالت نے اسلام آباد، راولپنڈی کو جانے والے تمام راستے کھولنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو نقل و حرکت کی آزادی حاصل ہے، جہاں چاہیں جاسکتے ہیں۔

عدالت نے واضح کیا کہ غیر قانونی طریقے سے حکومت گرانے کی کوشش غداری کے زمرے میں آتی ہے۔

ہائیکورٹ نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور تحریک انصاف تحمل کا مظاہرہ کرے۔ اسلام آباد کو اکھاڑہ نہ بنائیں، سب کو قانون کے اندر رہ کر چلنا ہوگا، کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔

واضح رہے کہ جس وقت ہائیکورٹ کا فیصلہ آیا عین اسی وقت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کل کے دھرنے کو مؤخر کر کے یوم تشکر منانے کا اعلان کر چکے تھے۔

عمران خان نے سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کے معاملے پر ہونے والی سماعت کو اخلاقی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں پورے پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس نے جمعرات سے وزیر اعظم نواز شریف کی تلاشی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے آج صبح پاناما لیکس کی تحقیقات اور وزیر اعظم کی نااہلی کے لیے درخواستوں پر سماعت میں وزیر اعظم اور ان کے اہلخانہ کو 2 دن میں جواب داخل کروانے کا حکم دیا ہے اور فریقین سے ٹی او آرز اور کمیشن کی تجویز تحریری طور پر طلب کی ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
20

Comments

comments

اس ویب سائیٹ پر موجود تمام تحریری مواد کے جملہ حقوق@2018 اے آروائی نیوز کے نام محفوظ ہیں

To Top