لاہور : ہائیکورٹ نے پوتے کو خرچہ ادا کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست کو مسترد کر دیا اور پوتے کو خرچہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پوتے کو ماہانہ خرچہ ادا کرنے کے فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر دادا کی اپیل مسترد کر دی ہے اور اسے اپنے پوتے کو نان نفقہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فاضل جج جسٹس سلطان محمود نے شہری بشیر احمد کی جانب سے دائر درخواست پر تفصیلی سماعت کی۔
درخواست گزار دادا نے فیملی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کر رکھا تھا جس میں اسے پوتے کا خرچہ اٹھانے کا پابند کیا گیا تھا۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ (فیملی کورٹ) نے دادا کو خرچہ ادا کرنے کا جو حکم دیا ہے وہ حقائق کے منافی ہے، اس لیے اسے کالعدم قرار دیا جائے۔
دوسری جانب، متاثرہ بچے کی والدہ کے وکیل نے درخواست کی سخت مخالفت کی، خاتون کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دادا مالی طور پر مستحکم ہے، اس کے نام پر جائیداد موجود ہے اور وہ اپنے پوتے کا خرچہ آسانی سے ادا کرنے کی پوری حیثیت رکھتا ہے۔
وکیل نے استدعا کی کہ فیملی کورٹ کا فیصلہ قانون کے عین مطابق ہے، لہٰذا دادا کی اس درخواست کو مسترد کر کے نچلی عدالت کا فیصلہ بحال رکھا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے دونوں جانب کے دلائل سننے اور دادا کی مالی حیثیت کا جائزہ لینے کے بعد خاتون کے وکیل کی استدعا منظور کر لی اور دادا کی درخواست کو خارج کرتے ہوئے فیملی کورٹ کا فیصلہ بحال رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں


