تازہ ترین

ماں بیٹی کے ساتھ رکشا ڈرائیور کی زیادتی کیس میں اہم پیش رفت

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے چوہنگ میں ماں بیٹی کے ساتھ رکشا ڈرائیورکی زیادتی کیس میں دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چوہنگ میں ماں بیٹی کے ساتھ رکشا ڈرائیورکی زیادتی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی، عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی پر مشتمل دورکنی بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کیا ، جس میں انسداد دہشت گردی کے جج کو چالان سیشن جج لاہور کی عدالت میں منتقل کرنے کا حکم دیا۔

ملزم منصب نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماں بیٹی سے اسلحہ کی نوک پر پیسوں اور تاوان کا مطالبہ نہیں کیا۔

یاد رہے گذشتہ سال اگست میں لاہور میں رنگ روڈ زیادتی کیس کی طرز کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا ، جہاں رکشہ ڈرائیور نے مسافر خاتون کیساتھ اسکی بیٹی کے سامنے مبینہ زیادتی کی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ وہاڑی کی رہائشی خاتون ٹھوکر نیاز بیگ پر مسافر گاڑی سے اتری اور صدر کینٹ جانے کے لئے رکشہ بک کروایا تاہم رکشہ ڈرائیور خاتون اور اسکی بیٹی کو گھما پھرا کرایل ڈی اےایوینیولے گیا۔

بعد ازاں تھانہ چوہنگ میں وہاڑی کی رہائشی خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی تھانہ چوہنگ کی حدودمیں ماں بیٹی سےمبینہ زیادتی کانوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

جس کے بعد پولیس نے چوہنگ میں ماں بیٹی سے زیادتی کے واقعے میں ملوث رکشہ ڈرائیور اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا،ملزم منصب سمیت ساتھی کیخلاف تھانہ چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

Comments