کراچی : شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں بجلی کی دو روز سے بندش پر کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔
ڈاک خانہ کے قریب ہونے والے احتجاج میں مشتعل مظاہرین کی جانب سے کے الیکٹرک کی ظالمانہ پالیسیوں اور بجلی کی بندش پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔
مظاہرین نے بتایا کہ لیاقت آباد سی ایریا میں گزشتہ 2 دن سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہے اسے فوری بحال کیا جائے۔
مشتعل مظاہرین نے ٹائرجلا کر سڑک دونوں اطراف سے بند کردی، جس کے باعث شاہراہ لیاقت پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔
راستوں کی بندش پر ایک خاتون مسافر نے بس سے اتر کر مظاہرین سے تکرار کی اور راستہ کھولنے کو کہا، دوسری جانب پنجاب سے آئے ہوئے باراتی بھی ٹریفک جام میں پھنس گئے۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق آخری اطلاعات تک انتظامیہ اور مظاہرین میں مذاکرات جاری تھے اور احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔
مرنے والے ڈاکو کی شناخت
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے لانڈھی میں شہری کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت ہوگئی، ملزم مختلف جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم پہلے بھی جیل جا چکا ہے، ملزم کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم سہیل پر پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہوچکے ہیں اور وہ ابراہیم حیدری کا رہائشی تھا۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


